راولپنڈی(این این آئی)جدہ جانے والی خواتین کے پیٹ سے 140 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہو گئے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے گرد و نواح سمیت ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں 5 مختلف کارروائیوں میں 2 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے 7 کروڑ 49 لاکھ سے زائد مالیت کی 100 کلو منشیات برآمد کرلی گئی۔جھنگ روڈ، فیصل آباد پر واقع یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 650 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں، جس پر ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیااسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ روانہ ہونے والی 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کے پیٹ سے مجموعی طور پر 140 عدد ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔دوسری جانب سری نگر ہائی وے اسلام آباد پر گاڑی سے 13.2 کلو گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ سیکٹر جی 15 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 33.6 کلوگرام افیون اور 14.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔اْدھر مستونگ کے غیر آباد علاقے دشت میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 37 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔