لاہور ( این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔پنجاب اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے رکن شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا بیان پاک سعودی عرب تعلقات پر شب خون ہے۔قرارداد میں سعودی عرب اور جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف بشریٰ بی بی کے بیان پر انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ خارجہ پالیسی میں دخل اندازی اور ملکی مفاد متاثر کرنے کی ناکام کوشش کے تانے بانے کہاں ملتے ہیں سامنے لایا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایما پر خود ساختہ بیان دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ ایوان سے استدعا ہے کہ ملکی سلامتی کو داغدار کرنے والے بیان کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر زیر بحث لایا جائے۔شعیب صدیقی نے کہا کہ بیان سطحی سیاسی مقاصد کے حصول اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے دیا گیا، خارجہ پالیسی متاثر کرنے کا باعث ہے، پاک سعودیہ تعلقات دہائیوں کے آزمودہ اور روز روشن کی طرح عیاں، ایسے بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ سعودی عرب مہربان دوست ملک، مشکل وقت میں ہمیشہ مدد کی، ایسا بیان دل آزاری کا باعث ہے۔ پاک فوج کے سابق سربراہ پر بہتان بازی اور دوست ممالک کے خلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے۔