اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے دئیے۔وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ نے پنجاب رینجرز اور ایف سی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے دی ہے۔کہا گیا کہ رینجرز اور ایف سی شہر میں امن وعامہ برقرار رکھنے کیلیے پولیس کی معاونت کرے گی۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی کے حوالے سے فیصلہ کن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا ہے 24 نومبر کو اسلام آباد میں ملک بھر سے کارکنان جمع ہوں گے اور احتجاج کیا جائے گا۔