کراچی(این این آئی) ڈیفنس شہباز کمرشل کے ریسٹورنٹ میں دو فیملیز کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو سامنے آگئی جبکہ سیکریٹری داخلہ کے قریبی رشتے داروں نے مارپیٹ کے بعد متاثرہ فیملی پرمقدمہ کرادیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس شہباز کمرشل کے ریسٹورینٹ میں دو فیملیز کے درمیان جھگڑا ہوا لیکن مقدمہ بااثر فیملی نے درج کروا دیا۔یہ واقعہ دراصل پیش کیسے آیا تھاخصوصی فوٹیج منظرعام پرآگئی ، جس میں دونوں فیملیز کو قریب ٹیبل پر دیکھا جاسکتا ہے۔
خصوصی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بااثرشخص کی فیملی نے مبینہ طور پر بغیر اجازت کرسی اٹھائی تھی، جس کے بعد صورتحال ناخوشگوار ہوئی تو دوسری فیملی میں موجود خواتین اٹھ کر واپس جانے لگی، جس کے بعد دوسری فیملی کی خاتون ٹیبل سے باہر نکلنے والے راستے پر کھڑی تھی۔فوٹیج میں دیکھا گیا کہ باہر جاتی خاتون راستے میں کھڑی خاتون سے معمولی سا ٹکرائی تو اسی وقت اس خاتون نے پلٹ کر خاتون کے کندھے پر ہاتھ مارا، جس پر فیملی رک گئی اور تلخ کلامی شروع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ خاتون کہنے لگی کے آپ نے بغیر اجازت کرسی کیوں اٹھائی، اس تلخ کلامی کے دوران بااثر فیملی کی خواتین اور نوجوان کھڑے ہوگئے اور مبینہ طور پر ایک نوجوان خاتون سے بدتمیزی کرنے لگا اور کہا آپ باہر جائیں۔
اسی فیملی کا ٹی شرٹ پہنے نوجوان بھی خواتین سے بدتمیزی کرنے لگا، جسے دیکھ کر ریسٹورنٹ سے اندر آنے والا فیملی کا ایک شخص آگے آیا اور نوجوان کو دھکا دے کر پیچھے کیا تو اسی وقت جھگڑا شروع ہوگیا اور لاتوں مکوں کا استعمال ہونے لگا۔جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگیا اور خواتین بھی کود پڑی، بااثر فیملی کی خاتون نے دوسری فیملی کی لڑکی کو بالوں سے پکڑلیا۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسی لڑکی کو ایک مرتبہ پھر دروازے پر بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، معمولی جھگڑا بڑے جھگڑے کی شکل اختیار کرگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہوم سیکٹری کی مداخلت پر پوری فیملی کو پولیس حراست میں لے کر تھانے پہنچی، جس کے بعد فیملی کے تین مرد افراد کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا اور واقعے کی مذید تحقیقات جاری ہے۔