لاہور( این این آئی) پروونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومت سمیت پنجاب میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا جس کی وجہ سے 21اپریل تک بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی،ڈی جی خان ، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات ہیں،مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے،بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی کی گرج چمک کے امکانات زیادہ ہیں ،آسمانی بجلی سے بچا کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں،خراب موسمی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز مت جائیں ،ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے،لینڈ سلائڈ نگ والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہیے،ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ کوارڈی نیشن میں ہیں،ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کر یں۔