ہفتہ‬‮ ، 11 جنوری‬‮ 2025 

کسی شخص کو ایک بار سزا مل گئی تو بات ختم کیوں نہیں ہوجاتی؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ سزا کے بعد کبھی انتخابات نہ لڑسکے؟ ،سپریم کورٹ

datetime 2  جنوری‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس میں سوال اٹھایا ہے کہ کسی شخص کو ایک بار سزا مل گئی تو بات ختم کیوں نہیں ہوجاتی؟ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ سزا کے بعد کبھی انتخابات نہ لڑسکے؟ ،اسلامی معیار کے مطابق تو کوئی بھی اعلیٰ کردار کا مالک ٹھہرایا نہیں جا سکتا، ہم تو گناہ گار ہیں اور اللّٰہ تعالیٰ سے معافی مانگتے ہیں، آرٹیکل 62 میں نااہلی کی مدت درج نہیں ،یہ عدالت نے دی۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی لارجربینچ سماعت کررہا ہے جس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی ہیں۔

سماعت کے آغاز میں اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کی تشریح کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل! آپ کا موقف کیا ہے؟ الیکشن ایکٹ چلنا چاہیے یا سپریم کورٹ کے فیصلے؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالت سے درخواست ہے کہ تاحیات نااہلی کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لے، الیکشن ایکٹ کی تائید کروں گا کیونکہ یہ وفاق کا بنایا ہوا قانون ہے۔درخواست گزار امام بخش قیصرانی کے وکیل ثاقب جیلانی روسٹرم پر آئے۔میر بادشاہ قیصرانی کے خلاف درخواست گزار کے وکیل ثاقب جیلانی نے بھی تاحیات نااہلی کی مخالفت کر دی اور کہا کہ میں نے 2018ء میں درخواست دائر کی جب 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا فیصلہ آیا، اب الیکشن ایکٹ میں سیکشن 232 شامل ہو چکی ہے، الیکشن ایکٹ میں سیکشن 232 آنے پر تاحیات نااہلی کی حد تک استدعا کی پیروی نہیں کر رہا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن ایکٹ کی ترمیم کو کسی نے چیلنج کیا؟ تمام ایڈووکیٹ جنرلز اٹارنی جنرل کے موقف کی تائید کرتے ہیں یا مخالفت؟اس موقع پر تمام ایڈووکیٹ جنرلز نے اٹارنی جنرل کے موقف اور الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کر دی۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ آرٹیکل 62 اور 63 میں فرق کیا ہے؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ آرٹیکل 62 ممبران کی اہلیت جبکہ 63 نااہلی سے متعلق ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آرٹیکل 62 کی وہ ذیلی شقیں مشکل پیدا کرتی ہیں جو کردار کی اہلیت سے متعلق ہیں، کسی کے کردار کا تعین کیسے کیا جا سکتا ہے؟ کیا اٹارنی جنرل اچھے کردار کے مالک ہیں؟ اس سوال کا جواب نہ دیجیے گا، صرف مثال کے لیے پوچھ رہا ہوں، سپورٹرز کہیں گے کہ آپ اعلیٰ کردار کے مالک ہیں جبکہ مخالفین بد ترین کردار کہیں گے، اسلامی معیار کے مطابق تو کوئی بھی اعلیٰ کردار کا مالک ٹھہرایا نہیں جا سکتا، ہم تو گناہ گار ہیں اور اللّٰہ تعالیٰ سے معافی مانگتے ہیں، آرٹیکل 62 میں نااہلی کی مدت درج نہیں بلکہ یہ عدالت نے دی۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ جب تک عدالتی فیصلے موجود ہیں تاحیات نااہلی کی ڈکلیئریشن اپنی جگہ قائم ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ بھی تو لاگو ہو چکا اور اس کو چیلنج بھی نہیں کیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ذیلی آئینی قانون سازی سے آئین میں رد و بدل ممکن ہے؟ کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کو ختم کرنے کیلئے آئین میں ترمیم کرنی پڑے گی؟ کیا آئین میں جو لکھا ہے اسے قانون سازی سے بدلا جا سکتا ہے؟جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف میں نااہلی کی میعاد کا ذکر نہیں ہے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ جب تک عدالتی فیصلہ موجود ہے نااہلی تاحیات رہے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ قتل اور غداری جیسے سنگین جرم میں کچھ عرصے بعد الیکشن لڑ سکتے ہیں، معمولی وجوہات کی بنیاد پر تاحیات نااہلی غیر مناسب نہیں لگتی؟جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ ایک شخص 20 سال بعد سدھر کر عالم بن جائے تو کیا اس کا کردار اچھا ہو جائے گا؟ اگر پہلے کسی نے ملک مخالف تقریر کر دی تو وہ آج بھی انتخابات نہیں لڑ سکتا؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ اگر کوئی شخص توبہ کر کے عالم یا حافظ بن جائے تو بھی برے کردار پر تاحیات نااہل رہے گا؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ 18 ویں آئینی ترمیم میں ڈیکلیئریشن کا مقصد آر او کے فیصلے پر اپیل کا حق دینا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آرٹیکل 62 ون ڈی پڑھیں۔اٹارنی جنرل نے پڑھ کر بتایا کہ 62 ون ڈی ہے کہ اچھے کردار کا مالک، اسلامی احکامات کی خلاف ورزی نہ کرے تو اہل ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ اچھا کردار کیا ہوتا ہے؟ ایک مسلمان صادق و امین کے الفاظ آخری نبی کے سوا کسی کے لیے استعمال کر ہی نہیں سکتا، اگر میں کاغذات جمع کرائوں اور کوئی اعتراض کرے کہ یہ اچھے کردار کا نہیں تو مان لوں گا، ہم گناہ گار ہیں تبھی کوئی مرتا ہے تو اس کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں، اگر کردار سے متعلق یہ تمام شرائط پہلے ہوتیں تو قائدِ اعظم بھی نااہل ہو جاتے۔جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ ایک شخص کو ایک بار سزا مل گئی تو بات ختم کیوں نہیں ہو جاتی؟ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ سزا کاٹ لینے کے بعد بھی کبھی انتخابات نہ لڑ سکے؟ آئین میں ہر سزا کی مدت ہے تو نااہلی تاحیات کیسے ہو گئی؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے جہانگیر ترین کے وکیل سے کہا کہ مسٹر مخدوم علی خان! آپ روسٹرم پر آ جائیں۔مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ میں موجودہ کیس میں جہانگیر خان ترین کا وکیل ہوں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ کو عدالتی معاون مقرر کرنے کا سوچ رہے تھے لیکن آپ پہلے ہی فریق ہیں، یہ بتائیں کہ آرٹیکل 62 میں یہ شقیں کب شامل کی گئیں؟مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ آرٹیکل 62 آئین پاکستان 1973ء میں سادہ تھا، آرٹیکل 62 میں اضافی شقیں صدارتی آرڈر 1985ء سے شامل ہوئیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ یعنی ضیاء الحق نے یہ کردار سے متعلق شقیں شامل کرائیں؟ کیا ضیاء الحق کا اپنا کردار اچھا تھا؟ ستم ظریفی ہے کہ آئین کے تحفظ کی قسم کھا کر آنے والے خود آئین توڑیں پھر یہ ترامیم کریں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا ججز کو گھر بھیجنے والا، آئین شکنی کرنے والا اچھے کردار کا ہو سکتا ہے؟ کیا ضیاء الحق کو سب معاف ہے؟وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ ضیاء کے بارے میں تو فیصلہ آخرت میں ہو گا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا آئین شکن کو سزا آخرت میں ہو گی؟ آپ کی رائے میں کیا ضیاء سنگین غداری کا مرتکب ہوا؟وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ میری رائے کچھ اور ہے، یہاں میں اس پر انحصار کروں گا جو اس عدالت نے نصرت بھٹو کیس میں قرار دیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میری رائے میں اصل آئین اور بعد کی ترامیم میں تضاد ہو تو اصل پر انحصار کرنا چاہیے، میں منتخب نمائندوں کی قانون سازی پر انحصار کروں گا نا کہ ڈکٹیٹر کی، ایک مارشل لاء ڈکٹیٹر کے خلاف الفاظ ادا کرنے میں اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟ بڑے بڑے علماء روزِ آخرت کے حساب سے ڈرتے رہے، اچھے کردار کے بارے میں وہ ججز فیصلہ کریں گے جو خود انسان ہیں؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ایک طرف لکھا ہے کہ جھوٹ بول دیا تو پوری عمر کے لیے نااہل ہے، دوسری جانب قتل کر دیا، غداری کر دی تو بھی کچھ عرصے بعد واپس آ جائے گا؟چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم ایک بنیادی اصول قائم کرنا چاہتے ہیں، ذاتیات میں نہیں جائیں گے، فوجداری مقدمات میں عدالت کسی کو جھوٹا قرار دے تو اس پر آرٹیکل 62 ون ایف لگے گا؟ کل کوئی اعتراض کر دے گا کہ تم الیکشن نہیں لڑ سکتے، تمہیں عدالت نے جھوٹا قرار دیا ہے؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت سول کیسز کے ماہر ہیں، ان سے رائے لیتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ شہزاد شوکت صاحب! آپ قانون کی حمایت کر رہے ہیں یا مخالفت؟صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے جواب دیا کہ میں قانون کی حمایت کرتا ہوں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ وہ کون ہے جو قانون کی مخالفت کر رہا ہے، ہم سننا چاہتے ہیں؟درخواست گزار کے وکیل عثمان کریم روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ جب تک سمیع اللّٰہ بلوچ کا فیصلہ موجود ہے قانون نہیں آسکتا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے سوال کیا کہ آپ تاحیات نااہلی کے حق میں ہیں یا مخالفت میں؟درخواست گزار کے وکیل عثمان کریم نے کہا کہ میں تاحیات نااہلی کے تب تک حق میں ہوں جب تک سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے وکلاء سے سوال کیا کہ اور کون کون اس قانون کی مخالفت کرتا ہے؟سمیع اللّٰہ بلوچ کے بھائی ثناء اللّٰہ بلوچ روسٹرم پر آئے اور کہا کہ میں متاثرہ فریق ہوں، میں عدالتی بالا دستی پر یقین رکھتا ہوں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ یہ عدالتی بالا دستی کیا ہوتی ہے؟ میں نے آئینی بالا دستی کا تو سنا تھا۔

ثناء اللّٰہ بلوچ نے جواب دیا کہ آرٹیکل 62 اور 63 پچاس سال سے آئین میں موجود ہیں۔یحییٰ آفریدی نے ثناء اللّٰہ بلوچ سے کہا کہ کیس کو چھوڑیں، آپ اپنی رائے بتائیں۔ثناء اللّٰہ بلوچ نے جواب دیا کہ کوئی انتخابی عمل کے انٹری پوائنٹ پر ہی جھوٹ بولے تو اس کی تاحیات نااہلی ہو گی۔جسٹس امین نے سوال کیا کہ آپ کہنا چاہتے ہیں کہ 24 سال کا شخص انتخابات لڑنے کے لیے کہے کہ 25 سال کا ہے تو تاحیات نااہلی ہو گی؟مخدوم علی خان نے کہا کہ سمیع اللّٰہ بلوچ کیس کو ایک خاص طریقے سے چلایا گیا تھا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے اب قانون سازوں نے اس خلاء کو پر کر دیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ فرض کریں تاحیات نااہلی کا فیصلہ نہیں ہوا اور ہم آج اس معاملے کو سن رہے ہیں، آرٹیکل 62 ون ایف میں نااہلی کی مدت کا تعین نہیں تو کیا ہم دیگر آرٹیکلز سے رہنمائی لے سکتے ہیں؟ کیا دیگر آرٹیکلز سے رہنمائی لے کر 5 سال کی نااہلی کا فیصلہ دیا جا سکتا ہے؟مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ جی بالکل! آئین کے آرٹیکل 62، 63 کو ملا کر پڑھا جائے گا۔

چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ کے موکل کیوں نااہل ہوئے؟ کیا ان کا کاغذاتِ نامزدگی میں مس ڈیکلیئریشن کا کیس تھا؟مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ میرے موکل پر ٹرسٹ کی پراپرٹی کو ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا، سمیع اللّٰہ بلوچ کیس کا فیصلہ لکھنے والے جج بعد میں چیف جسٹس پاکستان بنے، سمیع اللّٰہ بلوچ کیس کے فیصلے کا اطلاق کیا جاتا تو فیصل وائوڈا بھی تاحیات نااہل ہوتے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے دریافت کیا کہ شعیب شاہین کہاں ہیں؟ ممکن ہے کہ وہ اس قانون کی مخالفت اور تاحیات نااہلی کی حمایت کریں، ہم میڈیا یا سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کر سکتے، اس کیس سے یہ تاثر نہ لیا جائے کہ عدالت کسی مخصوص جماعت کی حمایت کر رہی ہے، ایک آئینی مسئلہ ہے جس کو ایک ہی بار حل کرنے جا رہے ہیں، کوشش ہو گی کہ 4 جنوری کو کیس کی سماعت مکمل کریں، مشاورت کے بعد عدالتی معاون بھی مقرر کر سکتے ہیں۔بعد ازاں عدالتِ عظمیٰ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات 4 جنوری دن ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی۔



کالم



آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے


پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…