لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات دائر کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آگنائزر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض داخل کر دیا گیا۔سرگودھا کے شہری کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے دی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امیدوار پی پی 80 کے دستخط جعلی کیے گئے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں اور انہوں نے اثاثے بھی چھپائے ہیں، اعتراض لگا کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کیا گیا۔شہری محمد ایاز نے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا د ی ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سے وابستگی ظاہر کی ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز ے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے لہٰذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے ۔
بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔دوسری جانب سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض داخل کیا گیا ہے۔لاہور کا حلقہ این اے 122میں بانی پی ٹی آئی کے کاغذات پراعتراض مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں نصیر کی جانب سے دائر کیا گیا۔میاں نصیر نے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخوقاست ریٹرننگ افسر میں جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں لہٰذا وہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔