کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے کئی دکانیں جل گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 10 گاڑیوں کی مدد سے موبائل مال کی آگ پر قابو پایا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، آگ سے موبائل فون کی متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے سبب دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا مال جل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگنے سے متاثرہ دکان داروں کو بھی ڈاکوؤں نے نہ بخشا۔صدر الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے بتایاکہ دکاندار اپنا سامان گاڑیوں میں ڈال کر محفوظ مقام پر لے جا رہے تھے کہ ڈاکو پورا سامان لوٹ کر لے گئے۔رضوان عرفان نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع پر دکاندار مارکیٹ پہنچے اور اپنا سامان دکانوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر لے جاتے رہے ۔اسی دوران گرومندر کے قریب موبائل فون سامان اور اسیسریز سے لدی دو کاروں کو ڈاکووں نے لوٹ لیا جبکہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لٹیرے متعدد دکانوں سے سامان چوری کر کے بھی لے گئے۔