راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں، پاک فوج کی پوری توجہ مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خیرپور کا دورہ کر کے ٹامیوالی میں بہاولپور کور کی فیلڈ مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف کو فیلڈ مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مشقوں کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مہارت کو بڑھانا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے ٹروپس سے بات چیت کی اور ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ انشا اللّٰہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا بھی مشاہدہ کیا۔