اسلام آباد(این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے کہاہے کہ چینی کی صنعت میں ٹیکس چوری کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں ترجمان ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کی مانیٹرنگ ٹیمیں ملک بھر کی شوگر ملوں پر تعینات کر دی گئی ہیں۔چینی ان نوٹیفائیڈ مصنوعات میں سے ایک ہے جس کی پیداوار، فروخت، کلیئرنس، سٹاک کرنے اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں پر مانیٹرنگ یا ٹریکنگ لاگو کی جاتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چینی کی تیار کردہ یا فراہم کردہ ہر بوری پر ٹیکس سٹیمپ لگانا لازمی ہے جس کی خلاف ورزی ایکٹ کے سیکشن (23)33کے تحت قابل سزا جرم ہے اور تیار مال کی ضبطگی کا موجب ہے،مزید برآں جرم ثابت ہونے پر ڈیفالٹر کو تین سال قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ترجمان نے کہاکہ چینی پر سیلز ٹیکس کی چوری کی کسی بھی کوشش سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس کام میں ملوث مل مالکان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔