لاہور( این این آئی)محکمہ جنگلی حیات ملتان ریجن نے سوشل میڈیا پر جنگلی جانوروں کے گوشت کی ڈشز آفر کرنیوالے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر جنگلی پرندوں کا گوشت برآمد ہونے پر انتظامیہ کومبلغ ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ تفصیل کیمطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان ریجن شیخ زاہد اقبال نے ملتان شہر کے ایک نجی ہوٹل کی بذریعہ سوشل میڈیا جنگلی جانوروں کے گوشت کی ڈشز تیار کرنے کی تشہیر کا علم ہونے کے بعد فوری طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان ریجن محمد نواز بھٹہ کی سربراہی میں ریجنل ریڈ اسکواڈ کو اس ہوٹل کا معائنہ کرنیکی ہدایت کی
جنہوں نے موقع پر پہنچ کر نجی ہوٹل سے دوران معائنہ جنگلی پرندوں کا گوشت برآمد کرکے ہوٹل منیجرکو گرفتار کرلیا اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا تاہم ملزم کی جانب سے کیس کمپائونڈ کرنیکی درخواست پر مبلغ ایک لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ، ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ فشریز سائوتھ پنجاب انصر محمود چٹھہ نے اس کامیاب آپریشن پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان ریجن اور انکی ساری ٹیم کو شاباش دی اور آئندہ بھی بلاامتیاز قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔