اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور بھارت کے درمیان 1971میں ہونے والی جنگ کے دوران پاکستانی افواج کی بہادری کے بھارتی فوجی افسران بھی معترف نکلے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق بھارتی میجر جنرل سکھونت سنگھ نے اپنی کتاب India’s War after Independence میںکہاہے کہ1971 کی پاک، بھارت جنگ کا اگر مجموعی جائزہ لیا جائے تو بلاشبہ پاکستان کی بہادر افواج نے قلیل تعداد اور کم جنگی سازو سامان کے ساتھ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کٹھے کئے۔
ایک اور میجر جنرل گورچن سنگھ نے اپنی کتاب میںلکھاکہ پاک فوج کے کوررنگ ٹروپس نے انتہائی بہادری اور بہترین حکمت عملی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے بڑی فوج کا حملہ طویل وقت تک روکے رکھا ۔انہوں نے لکھا کہ ہندوستانی ٹینک صرف پاکستانی کورنگ ٹروپس کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوئے اوردفاعی لائن تک پہنچے، پہلی بڑی رکاوٹ کو عبور کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔