پشاور (این این آئی)مانسہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد جبکہ پنجاب میں صبح کے وقت سموگ اور دھند متوقع ہے۔دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور مطلع جز وی ابر آلود رہے گا، گزشتہ روز اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ کوہستان، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے اکثر علاقوں میں صبح اور شام کے وقت شدید دھند ہوسکتی ہے۔گزشتہ روز سکردو میں درجہ حرارت منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ، کالام میں منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ، دیر1، مالم جبہ 3، پاراچنار 4اور پشاور میں 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔