اسلام آباد (این این آئی) پاک فوج کے خیبر پختونخواہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں، 20ہزار سے زائد اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی جاچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے خیبر پختونخوا بالخصوص نئے ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پانچ مختلف مراحل میں اب تک 23 ہزار 792 پولیس اہلکاروں کو تربیت دی جا چکی ہے ،اس حوالے سے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں تین ہفتوں پر مشتمل 40 پولیس اہلکاروں کی خصوصی تربیت جاری ہے۔
اس کے علاوہ 600 سے زائد پولیس اہلکاروں کو ایس ایس جی کی سپیشلائیزڈ ٹریننگ، 300 اہلکاروں کو ماسٹر ٹریننگ، 34 اہلکاروں کو آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کی تربیت دی جا چکی ہے۔گزشتہ دو برسوں کے دوران شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے چار ہزار اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دی ہے، پاک فوج کے جانب سے ان تربیتی کورسز میں ہتھیاروں کا استعمال، سرچ آپریشن اور ناگہانی صورتحال میں شہریوں کا تحفظ شامل ہے۔
اس ٹریننگ کی بدولت خیبر پختونخواہ کے یہ پولیس اہلکار مستقبل میں دہشتگردی سے نمٹنے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں پولیس کے 53 شہدا کے لواحقین کی دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے۔ پاک فوج دیگر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے کوشاں رہے گی تاکہ تمام سیکیورٹی کے ادارے مل کر وطن عزیز سے دہشتگردی جیسے ناسور کو مکمل ختم کر سکیں۔