جہلم (این این آئی)تھانہ سٹی میں برطانوی شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ڈیل کرکے بیرون ملک فرار کرانیوالے تفتیشی افسر اور دو کانسٹیبلز کو معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جہلم میں برطانوی شہری شعیب احمد کیخلاف حسن بٹ نامی شہری نے فراڈ کی درخواست دے رکھی تھی۔بیان کے مطابق شعیب احمد نے اس سے رینٹ پر گاڑی لی اور خیبرپختونخوا میں فروخت کردی۔حسن بٹ کے مطابق شعیب نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر گاڑی کے ٹریکر بھی اتارے۔
امانت میں خیانت کی درخواست پر تھانہ سٹی پولیس کے تفتیشی افسر اور اہلکار برطانوی شہری شعیب کو حراست میں لے کر اے ایس آئی تنویر کے کمرے میں لے آئے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ مدعی مقدمہ حسن بٹ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزم کے ساتھ مک مکا کیا اور اسے خود ایئر پورٹ تک چھوڑ کر آئے اور بیرون ملک فرار کرادیا۔حسن بٹ کے مطابق پولیس نے ملزم کو ملک سے فرار کروانے کے بعد گزشتہ روز امانت میں خیانت کی دفعہ کے تحت برطانوی شہری سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔دوسری جانب ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے برطانوی شہری پر تھانہ سٹی میں تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور تفتیشی افسر سمیت تین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں انکوائری ٹیم تشکیل دیتے ہوئے تین روزمیں رپورٹ طلب کی ہے۔