اسلام آباد (این این آئی)نیب ترامیم سے رواں سال مستفید افراد کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال 30 اگست تک 12 ریفرنس نیب عدالتوں سے منتقل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس احتساب عدالت نے ترامیم کے بعد واپس کر دیا، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خورشید انور جمالی، منظور قادر کاکا، انور مجید کے نیب مقدمات منتقل کیے گئے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم حسین لوائی کا کیس بھی نیب کے دائرہ کارسے باہر ہو گیا جبکہ اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید کیخلاف نیب کیس بھی احتساب عدالت سے واپس ہو گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 22 مقدمات احتساب عدالتوں سے واپس ہوئے اور ترامیم کی روشنی میں 25 مقدمات دیگر فورمز کو منتقل کر دیئے گئے۔