لندن(این این آئی)برطانوی شہربریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصل جنرل کی عمارت پر لگا قومی پرچم اتار کر سیاسی جماعت کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوزمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی پرچم اتارے جانے کے بعد ایک شخص سیاسی جماعت کا جھنڈ ا لگا رہا ہے۔یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جس کی اوور سیز پاکستانی شدید مذمت کررہے ہیں۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے اسے پاکستانیوں کے لیے تاریخ کا سیاہ دن قراردیا۔ڈرامہ پروڈیوسر فرقان ٹی صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یہ ویڈیو موصول ہوئی ہے جو اگر موجودہ اور سچ ہے تو قابل مذمت ہے۔انہوں نے معاملے کی تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھاکہ پی ٹی آئی برطانیہ کے کارکنوں نے بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ میں قومی پرچم کی جگہ پارٹی جھنڈے لگا کر حد پارکر دی ہے۔ایک اورصارف نے لکھا کہ یہ اوورسیز پاکستانیوں کی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے۔
ساجد تارڑ نے لکھا کہ بریڈ فورڈ برطانیہ میں پاکستانی قونصل جنرل کی عمارت پاکستانی پرچم کی جگہ اپنی کلٹ پارٹی کے جھنڈے لگانے والے گروہ کی اس بزدلانہ اور شرمناک حرکت کی مذمت کرتا ہوں۔ایک اوورسیز پاکستانی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ گزرتے دن کے ساتھ اس فرقے کیلئے میری نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔تاہم پی ٹی آئی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پرچم مظاہرہ شروع ہونے سے پہلے اتارا گیا اور اس کا مظاہرے سے تعلق نہیں۔ مظاہرے کی کال پانچ بجے کی تھی اور اس سے پہلے کسی نے یہ حرکت کی جس کی مذمت کی گئی جبکہ پرچم دوبارہ لگا دیا گیا۔