مردان (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے سینٹرل جیل مردان سے رہائی کے بعد کہا ہے کہ 9 مئی کو جس نے بھی غلط کیا اسے سزا ملنی چاہیے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو 80 روز بعد جیل سے رہائی ملی۔سینٹرل جیل مردان سے رہائی کے بعد علی محمد خان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ 9 مئی کو جس نے بھی غلط کیا، اسے سزا ملنی چاہیے۔
انہوںنے کہاکہ مجھ پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگایا گیا، پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان فاصلے ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔ علی محمد خان نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ ہماری پارٹی کی پالیسی نہیں۔پاک فوج مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو سیاسی انتقام کی نہیں سیاسی استحقام کی ضرورت ہے، ملک کو شفاف الیکشن کی طرف لے جانا چاہیے۔ سابق وزیراعظم پر دہشت گردی کے پرچے کاٹنا پاکستان کی بدنامی ہے۔ انہوں نے کہا جیل میں 80 سالہ ماں کی فکر تھی کہ میرے بغیر والدہ کا وقت کیسے گزرا رہا ہوگا تاہم ماں نے اڈیالہ جیل میں جنگ میں محاذ خالی نہ چھوڑنے کا پیغام دیا۔