اسلام آباد (این این آئی)قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیلنجز کرتا ہوں، ہم نے ایک روپیہ بھی اپنی تنخواہ یا مراعات میں اضافہ نہیں کیا، اپنے احتساب کے لیے تیار ہوں۔
ایک انٹرویو میں صادق سنجرانی نے چیئرمین سینیٹ کی مراعات بڑھانے سے متعلق اٹھنے والے سوالات کو مسترد کر دیا۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کو ایک نہیں دس جہاز لینے چاہئیں، چیلنج کرتا ہوں، ہم نے ایک روپیہ بھی اپنی تنخواہ یا مراعات میں اضافہ نہیں کیا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ اپنی اہلیہ سمیت کبھی ٹی اے ڈی اے نہیں لیا، کچن کا خرچہ بھی اپنی جیب سے کرتا ہوں، اپنے احتساب کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آڈٹ کرایا جائے، ثابت ہو تو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ چھوڑ دوں گا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو آپ نے اسٹیٹس اتنا دے دیا ہے لیکن مراعات نہیں دے رہے، میڈیا پر تنقید ہوئی تو اراکین اسمبلی بھی بل کے معاملے پر پیچھے ہٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ اپنے نمائندوں کو اچھی مراعات دیں تاکہ وہ کام کر سکیں، آپ کیوں انہیں غلط کام پر مجبور کر رہے ہیں، ایسے سینیٹرز بھی ہیں جو اپنی تنخواہ پر گزارا کرتے ہیں۔