لاہور( این این آئی)علمائے کرام کے وفد نے جناح ہائوس لاہور کا دورہ کیا اور شر پسندوں کی جانب سے جناح ہائوس کو آگ لگانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ، وفد نے مطالبہ کیا کہ جناح ہائوس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں ۔
دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ نو مئی کو جناح ہائوس پر ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جناح ہائوس بابائے قوم اور پاک فوج کا گھر تھا، اس پر حملہ کرنے والے ملک دشمن عناصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ افواج پاکستان عالم اسلام کی فوج ہے، پاک فوج کی بقا ء میں ملک کی بقا ء ہے، ناگہانی آفات میں بھی پاک فوج کا مثالی کردارہے جو ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستان کے محافظ صرف وہ لوگ نہیں جو وردی پہن کر کھڑے ہیں بلکہ پاکستان کا محافظ ہر محب وطن پاکستانی ہے۔وفد کے اراکین نے کہا کہ افواج پاکستان جہاں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی ضامن ہے وہیں افواج پاکستان اسلام کا پرچم بھی بلند رکھنے کی ضامن ہے، افواج پاکستان پر انگلی اٹھانے یا ایسا شرمناک اقدام کرنے سے پہلے یہ یاد رکھیئے گا کہ ہم پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔علما کرام کے وفد نے ملکی اثاثوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ آور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزائیں دینے کا مطالبہ بھی کیا۔