اسلام آباد /کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول ایک بار پر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں کراچی کی ایک تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا نبیل گبول کو نظرانداز کرنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔
ویڈیو گردش کرنے کے بعد نبیل گبول نے اپنا وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ دنوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پارٹی رہنما نبیل گبول سے بظاہر ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو وائرل ہورہی تھی۔یہ ویڈیو میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریب حلف برداری کے موقع کی تھی جہاں بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بلاول بھٹو مراد علی شاہ کے بھائی سلمان احمد مراد سے مصافحہ اور گلے ملنے کے بعد دیگر رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہیں۔اس دوران جب نبیل گبول کچھ کہنے کیلئے آگے بڑھتے ہیں تو چیئرمین پیپلز پارٹی بظاہر انہیں روک دیتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا گیا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کی جانب سے روکنے کے اشارے کے بعد ایک شخص فوری مداخلت کرتے نبیل گبول کو دور ہٹنے کی ہدایت کرتا ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد ٹوئٹر صارفین نے تبصرے کرنا شروع کردیے تاہم نبیل گبول نے ٹوئٹر پر واقعے کی مکمل ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ کی مکمل دیکھیں۔
بعدازاں پارٹی رہنما نبیل گبول نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری کی تقریب کے دوران مجھ سے منسوب سیاق و سباق کو توڑ مروڑ کر میرے خلاف جو مبالغہ آمیز جھوٹی باتیں پھیلا جارہی ہیں ان میں کوء صداقت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے بلاول سے لیاری کے لوڈشیڈنگ سے متعلق بتایا اور کہا کہ اس میں آپ دلچسپی لیں، جواب میں بلاول نے یقین دہانی کروائی کہ وہ لیاری کے لوگوں کے لیے احساس اور درد رکھتے ہیں۔
نبیل گبول نے کہا کہ جواب میں چیئرمین پی پی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے میں دلچسپی لیں گے، انہیں لیاری کے لوگوں کا احساس اور درد ہے ، اگر کسی نے مکمل ویڈیو سوشل میڈیا پر لگائی ہو تو اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں اور میں اسلام آباد سے واپس آکر میٹنگ کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اتنے میں ڈپٹی میئر آئے تو بلاول کو کھڑا ہونا پڑا جس پر میں نے کہا آپ ناصرف کے الیکٹرک کے سی ای او کو بلائیں بلکہ سوئی گیس کے ایم ڈی کو بھی بلائیں کیونکہ لیاری میں سوئی گیس نہیں ہے۔نبیل گبول نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کے بعد بلاول نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا یہاں ساری باتیں نہیں ہوں گی، بعد میں تم سے ملوں گا، وہاں بات کرتے ہیں۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ صرف اتنی سی بات تھی لیکن سوشل میڈیا پر باتیں پھیلائی گئیں کہ نبیل گبول کی بے عزتی کی گئی، چیئرمین پیپلزپارٹی نے نبیل گبول کو دھکا دے دیا۔انہوں نے کہا کہ میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، اگر میں لیاری کی عوام کے لیے بات کروں اور لوگ سمجھیں میری بے عزتی ہوئی ہے تو مجھے یہ بے عزتی قبول ہے۔