اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں ایک شخص کے کیک سے مردہ چھپکلی نکلنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے معروف بیکری کی متعلقہ برانچ سیل کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شہری کی طرف سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھی جس میں کیک سے مردہ چھپکلی نکلتے دیکھی جا سکتی ہے۔
آدمی ویڈیو میں بتاتا ہے کہ اس نے یہ کیک لیئرز بیکری کی ایک برانچ سے خریدا تھا۔ یہ ویڈیو وائرل ہونے پر فوڈ اتھارٹی نے لیئرز بیکری کی اس برانچ پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی صحت اور فوڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
لیئرز بیکری کی طرف سے بھی اس حوالے سے ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر جاری بیان میں اس ویڈیو کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر لیئرزبیکری کے خلاف بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے۔ ہم اس کے ذمہ داروں کے خلاف سائبر کرائمز سے متعلق قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہماری فیکٹری صفائی کے اعلیٰ معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔ ایسے میں چھپکلی یا کسی دوسری چیز کا کیک سے نکلنا ناممکن ہے۔