اسلام آباد (این این آئی)انسانی اسمگلرز لوگوں کو پاکستان سے یورپ بھیجنے کے لیے 2 مختلف روٹ اختیار کرتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کے لیے پہلے اور قدیم روٹ کو ترکی روٹ کہا جاتا ہے
اس میں انسانی اسمگلرز لوگوں کو بلوچستان کے تفتاں بارڈر سے ایران اور پھر ایران سے مکو پہاڑی کے راستے ترکی لے جاتے ہیں۔ترکی سے پھر انسانوں کو یونان اسمگل کیا جاتا ہے، اس روٹ کا زیادہ حصہ خشکی کے راستوں پر مشتمل ہے۔صرف یونان سے پہلے سمندر کا ایک چھوٹا حصہ عبور کرنا پڑتا ہے، اس راستے پر یونان نے کچھ عرصہ قبل اتنی سکیورٹی بڑھا دی ہے کہ اب یہاں سے داخل ہونا آسان نہیں ہے۔ یونان کا روٹ بند ہونے پر انسانی اسمگلرز نے اپنا دھندہ چلانے کے لیے لیبیا کے ذریعے اٹلی کا نیا روٹ بنا رکھا ہے، اس میں پاکستانیوں کو یہاں سے ہوائی راستے سے پہلے دبئی، مصر اور پھر لیبیا لے جایا جاتا ہے جہاں انہیں بن غازی اور تبرک کے علاقوں سے طویل سمندری راستے کے ذریعے اٹلی منتقل کیا جاتا ہے۔