لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جیل جاکر تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ملاقات میں چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ایک نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شجاعت حسین نے پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی چھوڑکر خاندان میں واپسی کی دعوت دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ خاندان میں واپس آجائیں تومعاملات بہترہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے فی الحال پی ٹی آئی چھوڑنے سے انکار کردیا ہے ۔ملاقات میں شجاعت حسین نے پرویزالٰہی کو یہ بھی بتایاکہ ان کے خلاف کیسز میں خاندان کے افراد کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔دوسری جانب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ان کے والد کو وکیلوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا،ان کی والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی ہے۔آئی جی جیل خانہ جات شجاعت حسین اور سالک حسین کو ملوانے گئے ، اب یہ کہیں گے کہ خاندان والوں سے ملاقات کروادی ہے۔