لاہور(این این آئی) پنجاب کی نگران حکومت نے گندم کی خریداری کیلئے مختلف بینکوں سے لئے گئے 600ارب روپے کے قرض کو آئندہ چار ماہ میں اتارنے کا بڑا اعلان کر دیا۔نگران کابینہ کی جانب سے آئندہ چار ماہ کے لئے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ نگران وزیر اطلاعات عامر میر، نگران وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے میڈیا کو بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صحافیوں کو بتایا گیا کہ گندم کی خریداری کے لئے لیا گیا قرض 600ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس قرض پر روزانہ 25کروڑ روپے صرف سود کی مد میں ادائیگی کی جارہی ہے۔اگر اس قرض کو ادا نہ کیا گیا تو 2024تک اس کا حجم 1100ارب روپے اور2025تک 2000ارب تک پہنچ جائے گا اور اور حکومت کو روزانہ 80کروڑ روپے کی ادائیگی کرنا ہو گی۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کابینہ کی منظوری سے صورتحال سے بچنے کے لئے فوری طو ر پر 600ارب روپے قرض اتارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور چار ماہ میں یہ قرض اتار دیں گے۔ ماضی میں بار بار تجویز کئے جانے کے باوجود کسی منتخب حکومت نے یہ کام نہیں کیا۔