اوکاڑہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مولانا فضل الرحمان حکمران اتحاد کی 2 بڑی جماعتوں میں بظاہر سامنے آنے والے اختلافات ختم کروانے کے لئے متحرک ہوگئے۔نواز، زرداری سے روابط کر کے ایک دوسرے کے خلاف لفظی گولہ باری روکنے کی تجویز دی جائے گی۔
جنگ اخبار میں وارث حیدری کی خبر کے مطابق حکمران اتحاد کا سربراہی اجلاس رواں ماہ بلائے جانے کا امکان ہے، سوات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بجٹ کی منظوری کے لئے مشروط حمایت کی تقریر اور اس کے بعد ن لیگ کے احسن قبال کی طرف سے نام لئے بغیر بلاول کو جواب دینے سے حکمران اتحاد میں بظاہر اختلافات منظر عام پر آگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مشاورت شروع کر دی ہے، پیپلز پارٹی کے بجٹ پر تحفظات کو بھی فوری طور پر سننے اور انہیں ممکنہ حد تک حل کرنے کے لئے بھی روابط شروع ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین کا مؤقف ہے کہ آئینی مدت کے خاتمے تک حکمران اتحاد قائم رہے، تاکہ اگلے الیکشن کے حوالے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر مشاورت کرنے میں آسانی رہی۔