اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت جاری کردی۔ان کا کہنا تھاکہ عام انتخابات کی تیاری کی جائے، پارٹی کا پیغام ملک بھر میں عام کیا جائے۔
دوسری جانبوفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کی بنیادیں نواز شریف نے رکھیں، گوادر سے خنجراب تک پہاڑوں پر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر نواز شریف کا نام ہے،جو منصوبے گزشتہ 1سال میں شروع کئے ان کے سنگ بنیاد پر بھی نواز شریف کا نام لکھا ہے۔نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ہم سب نے نارووال کنسٹرکشن ڈویژن کا افتتاح کیا ہے، کنسٹرکشن ڈویژن کو بنانے میں14کروڑ کا خرچہ ہوا ہے، احسن اقبال نے اس میں کلیدی کردار ادا کیا، اس کنسٹرکشن ڈویژن میں 117لوگ کام کریں گے، منصوبے سے نارووال کیلئے نیا روزگار بھی پیدا ہو گا۔وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاکہ جب بھی شیر آئے گا ترقی لائے گا،شیر کا نشان پاکستان کی ترقی کا نشان ہے،ہم گوادر میں بھی ترقی کر رہے ہیں اور ہمسایہ شہروں میں بھی، ہم نے پورے ملک میں بجلی کی ترقی کے منصوبے شروع کیے ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان ہم نے نئی لائن 4ماہ کے اندر بنا کر چلا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ بعد وزیر اعظم بھی تھر تشریف لے جائیں گے،وہاں ہم نے ایک نئی220کلو میٹر کی لائن 4ماہ میں بنا کر چلا دی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ترقی دشمن اور غریب دشمن حکومت میں سارے کام بند ہو گئے تھے، سارے بند کام ہم نے بنا کر چلا دیئے ہیں، یہاں نواز شریف کو یاد نہ کیا جائے تو زیادتی ہو گی۔