اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے رانا ثناء اللہ کو جیل میں نہیں ڈالا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا تھا۔
اسلام آبادکچہری میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے رانا ثناء اللہ کو جیل میں ڈالا تھا، کیا اب وہ یہ سب کرا رہے ہیں؟اس پر شہریار آفریدی نے کہا کہ واضح کردوں میں نے رانا ثنا اللہ کو جیل میں نہیں ڈالا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ میجر جنرل ہیں، اے این ایف نے انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر رانا ثنااللہ کو گرفتارکیا،
اے این ایف کے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف سب کچھ تھا، میں نے کبھی کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی۔ رہنما تحریک انصاف نے کہاکہ ریاست ماں ہوتی ہے اور ماں بچوں کو دھتکارتی نہیں، اللہ میری دھرتی ماں کو قائم رکھے، آپ حق سچ پر ہوں تو رب ہی آپ کے لییکافی ہوتا ہے، جو پارٹی چھوڑ گئے ان سے متعلق کچھ نہیں کہوں گا، لوگ کس حالت میں پارٹی چھوڑ کرگئے یہ تو اللہ ہی جانتا ہے، یہ آزمائشیں آتی ہیں، اللہ ہم سب کو سرخرو کرے۔