اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے قومی اسمبلی ملازمین کے الاؤنسز میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کے نام مراسلہ لکھا ہے جس میں قومی اسمبلی ملازمین کے پارلیمنٹ ہاوس الاونس اور فیول و بجلی سبسڈی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے الاؤنسز بڑھانے کی منظوری دی ہے جس میں گریڈ 1 تا 22 ملازمین کے پارلیمنٹ ہاوس الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔اسی طرح، قومی اسمبلی ملازمین کے فیول و بجلی سبسڈی کی شرح میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ قومی اسمبلی ملازمین کی فیول و بجلی سبسڈی بنیادی تنخواہ کا 65 فیصد ہوگی۔اسمبلی ملازمین کا پارلیمنٹ ہاوس الاؤنس بنیادی تنخواہ کے مساوی ہوگا۔بحال الاؤنس قومی اسمبلی فنانس کمیٹی کی اجازت کے بغیر منجمد نہیں ہوگا۔