لاہور(این این آئی)اینٹی کرپشن کی ٹیم اور پولیس تحریک انصاف کے صدر وسابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کئے بغیر ان کے گھر سے واپس روانہ ہوگئی۔ اینٹی کرپشن عدالت سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد اینٹی کرپشن کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر وسابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی گرفتاری کے لئے ان کی رہائشگاہ ظہور الٰہی روڈ پہنچی تھی۔
پولیس کی جانب سے چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔ اطلاع ملنے پر چودھری پرویز الٰہی کے وکلاء بھی ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے جنہوں نے پولیس سے مذاکرات کئے۔ترجمان کے مطابق چودھری پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں ہیں، پولیس سرچ وارنٹ دکھائے تو گھر میں تلاشی کی اجازت دیں گے۔
ترجمان کے مطابق گھر میں صرف خواتین موجود ہیں، سرچ وارنٹ کے ساتھ صرف لیڈی پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوسکتی ہیں۔چودھری پرویز الٰہی کی لیگل ٹیم نے پولیس سے سرچ وارنٹ مانگتے ہوئے بتایا کہ پرویز الٰہی گھر میں موجود نہیں ہیں، سرچ وارنٹ دکھا دیں ہم خود آپ کو گھر کی تلاشی لے دیتے ہیں۔پولیس حکام نے لیگل ٹیم سے کہا کہ اندر جا کر بات کر لیتے ہیں جس کے بعد پولیس حکام اور لیگل ٹیم چودھری پرویز الٰہی کے گھر کے اندر چلی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف اور ایس پی عمارہ کے مطابق پرویز الٰہی کے گھر کی خواتین اہلکاروں کے ساتھ تلاشی لی گئی، پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں تھے۔دوسری جانب چودھری پرویز الٰہی کے وکلا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی موجودگی کی وجہ سے پولیس کو ہلڑ بازی کی جرات نہیں ہوئی، پولیس کے پاس سرچ وارنٹ نہیں تھا اس کے باوجود تلاشی دی، ہم نے پہلے ہی بتایا تھا چودھری پرویزالٰہی گھر پر نہیں لیکن نگران سیٹ اپ مخالفت پر اترا ہوا ہے۔پولیس چھاپے کے دوران ظہور الٰہی روڈ کو عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔