اسلام آباد، رحیم یار خان(مانیٹرنگ،این این آئی)ملیکہ بخاری سمیت 5 رہنماؤں نے تحریک انصاف کو چھوڑ دیا۔ ملیکہ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، ہر پاکستانی کیلئے 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں بحثیت وکیل پاکستان میں اہم کردار ادا کروں، چاہتی ہوں کہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں۔
رحیم یار خان سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی خواجہ قطب فرید کوریجہ نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ قطب کوریجہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم عالم کے جہاز کو جلانا اور کرنل شیر خان کے مجسمے کی بے حرمتی ہر پاکستانی کیلئے ناقابل برداشت ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر چودھری جہانزیب رشید نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرکے سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔صوبائی حلقہ پی پی 223 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کہنوں نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ 9 مئی کی مذمّت اور پاک فوج سے اظہار یک جہتی کا اظہار کرتا ہوں،تمام مکاتب فکر کے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
پریس کلب میں اپنے ساتھیوں سمیت پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی حلقہ 223 کے ٹکٹ ہولڈر ملک اکرم کہنوں نے کہا ہم بحیثیت پاکستان ذمہ دار قوم ہیں توقع رکھتے ہیں،تمام مکاتب فکر کے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،میں 9مئی کے واقعات جن میں فوج اور سوتنصیبات پر وائلنس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پیغام دیتا ہوں ہم پاکستان،ریاست اور فوج کے ساتھ ہیں،اس واقعہ کی ہر لحاظ سے مذمت کرتا ہوں۔
سوات سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اس سلسلہ میں سندھ ہاوس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری،ڈاکٹر حیدر علی،سید محمد علی بادشاہ،ہمایوں خان،نذیر ڈھوکی اور بہت بڑی تعداد میں پی پی کے کارکنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کا سیاسی موسم گرم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوات سے پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔