لاہور( این این آئی)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے آندھی/ جھکڑ ، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہونے والی مغربی ہوائیں رواں ہفتے وقفے وقفے سے اثر انداز ہو نگی۔
26 مئی تک اسلام آباد، مری، راولپنڈی، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ ،ننکانہ، گوجرانوالہ، لاہور ،سیالکوٹ ، منڈی بہائوالدین، ناروال، قصور، پاکپتن ، اوکاڑہ ، ساہیوال، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور ، ملتان اور بہاولنگر میں آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق23 سے 25 مئی کے دوران پنجاب میں آندھی/ جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورعمارات کو نقصان کا خطرہ ہے۔کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔بارش کے دوران سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث گرمی کی جاری لہر کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔