واشنگٹن(این این آئی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈن کی ملاقات آئس بریکنگ ہے۔ایک انٹرویومیں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شکر گزار ہیں کہ صدر بائیڈن نے دوسرے ملکوں کے
ساتھ پاکستان کو بھی اپنی دعوت میں بلایا، امریکا کے ساتھ مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر کی جانب سے مختلف سربراہان مملکت کو استقبالیے پر مدعو کیا تھا جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل تھے۔ملاقات میں امریکی صدر نے پاکستان میں سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس اور تعزیت کا اظہار بھی کیا تھا اور پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سے پہنچنے والے نقصان میں ہماری مدد کرنا ہو گی، ہم قرضے معاف کرنے کی بات نہیں کر رہے، قرضے ادا کر سکتے ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں ادائیگیاں مخر کی جائیں اور پاکستان کو آسان شرائط پر نئے قرض دیے جائیں۔