اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان ہندوستان کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کے کردار کو ادا کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے، ہندوستان نے جارحیت ، دہشت گردی او ر انتہا پسندی کو خطہ میں فروغ دیا ہے ، پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مذاکرات کشمیر کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی عرب اگر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک بھارت مذاکرات کیلئے کوشش کرتا ہے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے، سعودی عرب کو عالمی دنیا اور عالم اسلام میں اہم مقام حاصل ہے، پاکستان سعودی عرب کے تعلقات میں کوئی قوت بھی حائل نہیں ہو سکتی۔انہوںنے کہاکہ 23 ستمبر کو پاک سعودی عرب تعلقات ماضی ، حال ، مستقبل پر ایک اہم سیمینار اسلام آباد میں ہو گا، جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور سعودی عرب کے سفیرہوں گے۔