اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت کی جامعہ مسجد قاسم علی خان میں بھی چاند دیکھنے کیلئے غیر سرکاری اجلاس جاری ہے جس کی سربراہی مفتی شہاب الدین پوپلزئی کر رہے ہیں۔مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ مسجد قاسم علی خان میں چاند کی رویت کی غیر مصدقہ شہادتیں
موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی شہادتوں کی شرعی پیمانوں پر تصدیق کی جا رہی ہے۔ شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی و زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں۔ ابھی تک ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جہاں پر چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی جائیں گی اور پھر باضابطہ اس کا اعلان کیا جائے گا۔ نماز مغرب کے وقفے کے دوران مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ابھی کسی علاقے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں۔ جیو ٹی وی کے مطابق پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جہاں پر اب تک چاند نظر آنے کی سات شہادتیں موصول ہو چکی ہیں ان شہادتوں کو پرکھنے کا عمل جاری ہے جس کے بعد مرکزی رویت کمیٹی کو ان گواہیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ پشاور کی زونل کمیٹی کے ذمہ داران کا کہناہے کہ پاکستان میں عید کا چاند نظر آنے کے 80 فیصد امکانات ہیں۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ مسجد قاسم علی خان میں چاند کی رویت کی غیر مصدقہ شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی شہادتوں کی شرعی پیمانوں پر تصدیق کی جا رہی ہے۔