اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی ) کرونا لہر میں شدت کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں سیاحت پر مکمل پابندی کا اعلان کردیا اور کہا عید کی چھٹیوں میں تمام سیاحتی مقامات، ہوٹلز، پارکس مکمل بند ہوں گے۔۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی چھٹیوں کے موقع پر اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہی گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق ملک بھر میں بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 8سے 16 مئی تک بند رہے گی۔ عیدکی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات،پبلک پارکس، ہوٹلز،شاپنگ مالزبند رہیںگے،صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنےعلاقوں میں جانے کی اجازت ہو گی۔دوسری جانب کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 142افراد چل بسے ،4 ہزار 487 کیسز سامنے آگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 487 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 142 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 770 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 329 ہو گئی ہے، کْل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 4 ہزار 939 ہو چکی ہے۔24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 43 ہزار 981 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کْل 1 کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 913 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں ہسپتالوں،
قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کْل 87 ہزار 794 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 75 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 6 لاکھ 99 ہزار 816 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 2 لاکھ 93 ہزار 468 ہو گئی، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 8 ہزار 97 ہو چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 272 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کْل اموات 4 ہزار 605 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 14 ہزار 661 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کْل اموات 3 ہزار 156 ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 73 ہزار 804 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کْل 670 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کورونا وائرس کے بلوچستان میں 21 ہزار 803 مریض اب تک
رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 232 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 16 ہزار 659 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کْل 464 مریض وفات پا چکے ہیں۔گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 272 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں ،اس سے اب تک 105 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔