کراچی(این این آئی) محکمہ داخلہ سندھ نے کالعدم تحریک کے متعدد رہنمائوں کو فورتھ شیڈول میں ڈالنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں ڈسٹرکٹ جنوبی کے تمام ایس ایچ اوزکو فوری طور پر حکم دیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک کی معاونت کرنے والے رہنمائوں اور دیگر افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام کالعدم تحریک کے رہنما جو ان علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، کام کر رہے ہیں یا پھر وہ جنہوں نے تنظیم
کے کارکنوں کو 19 اپریل کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال اور دھرنوں کے دوران متحرک کیا اور حوصلہ افزائی کی ان تمام افراد کی تصاویر ، شناختی کارڈ کاپی، شواہد، انٹیلی جنس رپورٹ، ایف آئی آر دی جائیں۔جاری کردہ فہرست میں غلام غوث بغدادی، مولانا ریحان امجد نعمانی، علی محمد اسلم، حاجی رفیق پردیسی، محمد عامر چوٹانی اور رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان شامل ہیں۔ان رہنمائوں سے متعلق دیگر تفصیلات بھی فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔