لاہور (آن لائن) عیدالفطر پر اس مرتبہ سرکاری ملازمین 8چھٹیاں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ 9 مئی تک تمام پردیسی اپنی عید کی خوشیاں منانے کے لئے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جائیں گے۔ اس طرح ہفتہ بروز 9 مئی اور اتوار بروز 10 مئی سرکاری تعطیلات کے باعث لاہور میں
مقیم پردیسی عید کی تعطیلات منانے کے لئے امکان ہے کہ 8 مئی کو ہی اپنے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جائیں گے جبکہ عید کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پردیسی 16 مئی بروز اتوار تک واپس لوٹ آئیں گے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر کے جیلوں میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث قید افراد کی سزائو میں 30 روز کی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سزا میں ایک ماہ کی معافی کا اطلاق معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 60 سال کی عمر پوری کرنے والی خواتین قیدیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس سلسلے میں ایک سمری تیار کر کے وفاقی محکمہ داخلہ کو ارسال کردی ہے۔ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی اس سہولت کے پیش نظر صوبے بھر کی جیلوں سے سزائے پوری کرنے والے قیدی اپنی سزائیں پوری ہونے سے ایک ماہ قبل ہی جیلوں سے رہا کردئیے جائیں گے۔