کراچی(این این آئی)سابق چیئرمین سینیٹ اورپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے وفاقی حکومت پر آئین پاکستان کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کہتا ہے کہ تیل اور گیس صوبوں اور وفاقی کے مشترکہ ملکیت ہوں گی، صوبوں کو ان بلاکس میں مشترکہ مالک نہ بنا کر وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر تیل و گیس کی تلاش کے 6 بلاکس کمپنیوں کو دیئے ہیں ۔ وفاقی حکومت چیئرمین
سینیٹ کی رولنگ کے باوجود صوبوں کو شریک مالک نہیں بنارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ تیل و گیس کی تلاش کے یہ6 بلاکس سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی نمائندگی کے بغیر دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی نمائندگی کے بغیر بلاکس دینے کا وفاقی حکومت کا اقدام قابل مذمت ہے۔سابق چیئرمین سینیٹ نے یہ کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی پر عمل نہ کرکے صوبوں کو ان کے حقوق سے محروم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ ایک ایسے این ایف سی ایوراڈ کے تحت دیا جائے گا جو 11 سال پرانا ہے۔