نوشہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک/اے پی پی )وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والے افراد کے لئے جلوزئی ہائوسنگ سکیم کاسنگ بنیاد رکھ دیاہے۔ بدھ کو وزیراعظم نے نوشہرہ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ، وزیراعلیٰ محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منصوبے کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لئے 1320 اپارٹمنٹس 18 ماہ کی قلیل مدت میں تعمیر کئے جائیں گے اور قرعہ اندازی کے ذریعے ان کی چابیاں تقسیم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے سے قبل کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا ۔وزیراعظم عمران خان نے نوشہرہ اور پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا ۔قبل ازیں وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم جلوزئی نوشہرہ میں کم آمدنی والے افراد کے لئے جلوزئی ہائوسنگ سکیم نوشہرہ کا آغاز کریں گے۔دورہ پشاور کے دوران وزیر اعظم پشاور۔درہ آدم خیل سڑک کی بحالی و بہتری کے منصوبے کے آغاز اور چترال۔بونی۔مستوج۔شندور سڑک کی بحالی و توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیراعظم پشاور میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے نئے او پی ڈی بلاک کے آغاز کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیراعظم حیات آباد پشاور میں جسمانی طور پر مفلوج افراد کے بحال شدہ مرکز کا دورہ بھی کریں گے ۔