اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ابوظبی کے دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی
خواہش کا اعادہ کیا۔دوران ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ابو ظبی ترقیاتی فنڈز (اے ڈی ایف ڈی) کے ذریعے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی میں توسیع کے فیصلے پر یو اے ای کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے مابین گرم جوشی پر مبنی برادر تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان کی افغانستان میں جاری امن و مفاہمت کے عمل کی حمایت کے لیے مستقل کوششوں سے آگاہ کیا۔وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے امور بشمول تجارت، سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔متحدہ عرب امارات کی مہمان نوازی پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب عبد اللہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔دفتر خارجہ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔