لاہور،مرید کے( این این آئی) سیاسی رہنما جہانگیر ترین اور ان کے ہمراہ آنے والوں نے صحافیوں کے بار بار کے سوال کے باوجود سازش کرنے والوں کا نام نہ لیا ۔ عدالت میں پیشی کے بعد جب میڈیا نمائندوں جہانگیر ترین ، راجہ ریاض اور اسحاق خاکونی سے بار بار یہ سوال کیا کہ
سازش کون کر رہا ہے آپ نام کیوں نہیں لیتے ُ؟۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ سازش کون کر رہا ہے لیکن پتہ چل جائے گا۔ جب صحافی یہی سوال اسحاق خاکونی سے پوچھ رہے تھے تو اسی دوران جہانگیر ترین نے ان کے کان میں سر گوشی کی اور کہا کہ ” نام نہیں بتانا ”۔اسحاق خاکونی نے کہا کہ پانچ سے چھ روز میں بتا دیں گے۔دوسری جانب سیاسی رہنما جہانگیر ترین اور ان کے ہم خیال اراکین اسمبلی نے سر گرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے مشاورتی اجلاس 21اپریل کو طلب کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس افطار ڈنر کے موقع پر ہوگا جس میں مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کے بعد آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے اندر رہ کر دبائو بڑھانے سمیت دیگر تجاویز پر غور کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سیاسی رہنما جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خرم اعجاز چٹھہ سے انکی رہائشگاہ پر جا کر ان کے چچا اور رکن پنجاب اسمبلی عمر آفتاب ڈھلوں کے ماموں کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال ، وزیر اعلی کے مشیر فیصل جبوانہ، ارراکین اسمبلی طاہر رندھاوا اورزوار وڑائچ سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔