اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں سندھ میں جبری مذہبی تبدیلی کے واقعات کا معاملہ حکومت اور ن لیگی ارکان نے اٹھادیا ۔ جمعہ کو نکتہ اعتراض پر کھیئل داس کوہستانی نے کہاکہ سندھ میں جبری مذہبی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے،لاڑکانہ میں بیس سالہ آرتی کماری
غائب کرکے اس لڑکی کا مذہب تبدیل کرایا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ آرتی کماری کو اچانک عدالت میں پیش کردیا گیا،پولیس اس میں لاپرواہی کررہی ہے انصاف نہیں کررہی ،ایوان میں اس پر قانون سازی ہونی چاہئے۔لال چند مالہی نے کہاکہ جبری مذہبی تبدیلی بڑا مسئلہ ہے ،آرتی کماری کو اغوا کیاگیا مگر سندھ حکومت خاموش ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت اقلیتوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے۔ سید نوید قمر نے کہاکہ جبری مذہبی تبدیلیوں کے واقعات پر سخت کارروائی ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی قانون سازی ہوگی پیپلز پارٹی اسکی حمایت کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی جبری مذہبی تبدیلیوں کے واقعات کی مذمت کرتی ہے