کراچی(این این آئی)کراچی میڈیسن ہول سیل مارکیٹ حکام نے کہا ہے کہ وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کو ٹوسی لیزومیب (Tocilizumab)جنیرک نام سے استعمال کرائے جانے والے انجکشن کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔مارکیٹ حکام کے مطابق ڈاکٹر یہ انجکشن وینٹی لیٹر پر موجود
کورونا مریضوں کو بھی استعمال کراتے ہیں اور گزشتہ 20 روز میں اس نام کے 200 ایم جی اور 400 ایم جی والے انجکشن کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔دوا ساز کمپنی متعلقہ انجکشن کو صرف اسپتالوں کو دینے کی پابند ہے، تاہم اس کی قیمت میں 200 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اس انجکشن کے ایک دو سو ایم جی وائل کی قیمت 39ہزار 689 روپے اور چار سو ایم جی وائل کی قیمت 79 ہزار 378 روپے مقرر کی گئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق وہاں دو سو ایم جی کا وائل ڈیڑھ لاکھ تک اور چار سو ایم جی کا وائل چار لاکھ روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 روز میں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچا ئوکے لیے کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں کورونا ویکسین اسپوتنک ریلیز کرنے سے متعلق درخواست پر جسٹس ندیم اختر نے سماعت کی۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے وفاقی حکومت کو 10 روز میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قیمت مقرر ہونے کے بعد قانونی نکات پر فیصلہ دیں گے۔سماعت کے دوران جسٹس ندیم اختر نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ فریقین تحریری دلائل آئندہ سماعت سے قبل جمع کرادیں۔عدالت نے این سی او سی کو بھی اب تک لگائی گئی ویکسینز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔بعد ازاں عدالت کی جانب سے درخواست کی مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔