کراچی(این این آئی)شہرقائد میں گرمی کا تسلسل جاری ہے اتوارکادن شدید گرمی اور لو کی لپیٹ میں رہااور دوپہر 2 بجے پارہ 44 ڈگری کو چھو گیا،محکمہ موسمیات نے پیرکوبھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہرکیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں اتوارکو بھی موسم گرم اور خشک رہا، دوپہر میں سمندری ہوائیں معطل رہیں۔شمال مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلتی رہیں،
دوپہر 2 بجے تک پارہ 44 ڈگری کو چھو گیا۔شہر میں ہوائیں مغرب کی سمت سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں جن میں نمی کا تناسب 8 فیصد تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکوبھی کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔شہرِ قائد میں پیرکو درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور میں 13 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اپریل کو لاہور شہر میں مطلع صاف رہے گا جس کی وجہ سے رمضان کا چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا جبکہ 14 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ رمضان میں ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ 15 روزوں کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ رمضان المبارک کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔