کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور صوبہ سندھ کی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ سیدہ شہلا رضا نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے متعلق ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔شہلا رضا نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھاکہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں شہلا رضا کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین نے مخدوم احمد محمود سے
ملاقات کی ہے اور اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ’ یال ہے کہ جہانگیر ترین اس ملاقات میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے، اگر واقعی ایسا ہوگیا تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا تاہم جہانگیر ترین نے شہلا رضا کے دعوے کی تردید کردی ہے جس کے بعد اب صوبائی وزیر نے اپنی ٹوئٹ ہی ڈیلیٹ کردی ہے۔ دوسری جانب سیاسی رہنما جہانگیر خان ترین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری مخدوم احمد محمود سے کوئی سیاسی ملاقات نہیں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جہانگیر خان ترین نے کہا کہ میری آصف زرداری سے کوئی ملاقات شیڈول نہیں،شہلا رضا کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔میںتحریک انصاف کا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔