اسلام آباد(آن لائن) سینٹ میں آزاد گروپ کے رکن سینیٹر کہدہ بابر نے کہا ہے کہ مکران میں بجلی کے لئے پچھلے اڑھائی سال سے چیخ رہا ہوں،وفاقی وزرا ء افسر شاہی کے سامنے بے بس جبکہ سیکرٹری توانائی کسی کی بات نہیں سنتے۔تفصیلات کے مطابق سینٹ میں آزاد گروپ کا پہلاموقف سامنے آگیا۔جاری بیان کے مطابق سینیٹر کہدہ بابرحکومتی پالیسیوں پر پھٹ پڑے،انکا کہنا ہے آج بلوچستان میں بائیس شاہراہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے احتجاجا بند ہیں۔ گوادر میں بیرونی سرمایہ کاری کے تحت 50 میگاواٹ سولر پروجیکٹ کے لئے حکومت رکاوٹ
ہے۔وزیراعظم کہتے ہیں کہ توانائی کے متبادل ذرائع کو بڑھائیں گے۔ میرا وزیراعظم سے سوال ہے کہ متبادل توانائی کے کتنے پروجیکٹ کیے گئے ہیں؟۔گوادر میں بیرونی سرمایہ کاری کے تحت سولر پروجیکٹ کا کوئی نہیں پوچھ رہا۔میں آزاد حیثیت سے 2018 میں منتخب ہوا، لیکن میری ہمدردیاں بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ تھی۔سینیٹر کہدہ بابر نے کہا بلوچستان عوامی پارٹی میں سنیٹرزکے ساتھ قریبی تعلق ہے لیکن اسکا یہ مطلب نہیں کہ میں ان کا رکن ہوں۔میرے لئے بینچز معنی نہیں رکھتے, عوامی مسائل میرے لئے معنی رکھتے ہیں۔