لاہور( این این آئی، آن لائن) کائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کے علاقہ لاری اڈہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگرد گرفتار کرلئے،دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، موبائل فونز ویڈیوز اور اقلیتی رہنمائوں کی فہرست بھی برآمد ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی ذرائع کے
مطابق دہشتگردوں کی گرفتاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی وجہ سے عمل میں آئی ہے ۔گرفتار کئے گئے دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے بتایاگیا ہے اور ان کی شناخت ولائیت خان اور عبدالملک عرف عزت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔دہشتگردوں سے اسلحہ،دھماکہ خیز مواد،موبائل فونز ویڈیوز اور اقلیتی رہنمائوں کی فہرست بھی برآمدہوئی ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق دہشتگردوں کا مذہبی سکالر اور اقلیتی رہنمائوں کو قتل کرنے کا ہدف تھا۔سی ٹی ڈی نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور گرفتار دہشتگردوں سے ہوشرباانکشاف کی توقع ہے ،دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے دو دہشت گردوں کہ مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں ولایت اور عبدالمالک کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کردیا ہے اور سی ٹی ڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ دونوں مبینہ دہشت گردوں کو 22 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کریں۔ جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے سی ٹی ڈی کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ اس نے دونوں ملزمان سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرنا ہے۔ واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے دونوں ملزمان کو لاری اڈہ لاہور سے گرفتار کیا تھا۔