اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ٹکٹ چلا ہے کا بیان دینے پر مریم نواز نااہل ہوسکتی ہیں۔ایک انٹرویومیں پیپلزپارٹی رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز کا بیان کہ نوٹ نہیں چلا ٹکٹ چلا ہے کرپشن کے زمرے میں آتا ہے، ٹکٹ چلی ہے تو یہ بھی مجرمانہ فعل ہے
نااہلی کے زمرے میں آتا ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز کا ٹکٹ چلنے کا بیان لالچ کے زمرے میں آتا ہے، ان کا یہ بیان الیکشن کمیشن میں لے جایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مریم نواز کے بیان کو الیکشن کمیشن میں لے جاسکتی ہے، میری نظر میں یہ خطرناک معاملہ ہے جس پر نااہلی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اعتراف کیا ان کے 15سے 16ممبران نے ووٹ نہیں دیاان کیخلاف کارروائی کے بغیر اعتماد کے ووٹ کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء وسابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں اعتراف کیا ان کے 15سے 16ممبران نے ووٹ نہیں دیاان ایم این ایز کے خلاف کارروائی کے بغیر اعتماد کے ووٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جو اعتماد کا ووٹ لے رہے ہیں وہ آئین میں درج نہیں، آئین میں ہے جب صدر مطمئن ہوں وزیراعظم اکثریت کھوچکے تب اعتماد کے ووٹ کا کہے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تجویز بھیجی گئی ہے، ایسی تجویز پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا آئین کی دفعات کے مطابق نہیں ہے۔