اسلام آباد(آن لائن )پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ، ڈاکٹر جیوفری شا نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت ، زرتاج گل وزیر کے ہمراہ فاطمہ جناح پارک اسلام آباد میں ایک مییاواکی جنگل کا افتتاح کیا۔عوامی پارک میں جنگل کے لئے درخت اور پودے آسٹریلوی ہائی کمیشن کی جانب سے ایک تقریب میں تحفے کے طور پہ دیے
گئے۔ یہ تقریب، جو پاکستان کی میاوکی جنگلات اور بہار کے پودے لگانے کی مہم 2021 کا حصہ ہے، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرانتظام منعقد کی گئی۔ درخت لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جیوفری شا نے کہا ، “یہ میاواکی جنگل آسٹریلوی حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ آج یہاں لگائے گئے درخت اور پودوں سے نہ صرف اسلام آباد کا ماحول مزید صاف اور خوشگوار ہوگا بلکہ پاکستان کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے میں مدد ملے گی۔’’آسٹریلیا ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی لمبے عرصے سے مدد کر رہا ہے، جس میں پانی کے انتظام اور حفاظت کو بہتر بنانا ، پینے کے صاف پانی تک رسائی ، سیلاب کی پیش گوئی اور قدرتی آفات کے خطرے کو کم کرنا شامل ہے۔ ڈاکٹر شا نے مزید کہا ، ‘‘ہمارے خطے پر موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے اس طرح کے سبز اقدامات اور زیادہ اہم ہوتے جا رہے ہیں۔ آسٹریلیا اور پاکستان دونوں ہی اس بات سے بخوبی واقف ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں۔” ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، نوید ترین نے کہا “میاوکی جنگلات کو جلدی اگانے کی ایک تکنیک ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے اس پر عمل درآمد میں گہری دلچسپی لی ہے۔ ہم سب گلوبل وارمنگ کے
خطرہ اور اس کے ہماری زندگیوں پہ اثرات سے آگاہ ہیں۔ ان جیسے صحیح اور بروقت اقدامات کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ ہم اس شاندار اقدام میں تعاون کرنے پر آسٹریلوی ہائی کمیشن کے شکر گزار ہیں’’۔ آسٹریلیا آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے اور پیرس معاہدے ۰۳۰۲کے تحت اپنے اخراج میں تخفیف
کے ہدف کیلئے کوشاں ہے ، جس میں ۵۰۰۲ تک آسٹریلیا نے 17 فیصد کمی کر لی تھی۔ آسٹریلوی حکومت نے عالمی آب و ہوا کے فنانس کے لئے 1.5 بلین ڈالر اور آسٹریلیا کے قدرتی وسائل ، ماحولیات اور پانی کے انفراسٹرکچر کو آب و ہوا کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے 15 بلین ڈالر سے زیادہ مختص کئے ہیں۔